پی ٹی آئی سیکرٹریٹ سے گرفتار ہونے والی دونوں خواتین کی ضمانت منظور ہوگئی۔ عدالت نے 50،50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں پر رہائی کا حکم دے دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شبیر بھٹی نے درخواست ضمانت پرسماعت کی۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ جہاں ریاستی اداروں کے خلاف مہم چلائی گئی یہ خواتین وہاں ملازم تھیں۔ ان ملازمین کو خاص مقصد کے لیے ملازمت پر رکھا گیا ۔ یہ خواتین میڈیا سیل میں کام کرتی ہیں۔ ضمانت دینے سے کیس پر اثر پڑے گا۔ مقدمے میں درج سیکشنز اہم ہیں، ثبوت بھی موجود ہیں۔
وکیل صفائی علی بخاری نے کہا کہ پراسیکیوٹر نے جو کچھ کہا وہ رپورٹ میں دکھا دیں کہ اس سے متعلق کیا مواد ہے۔ مجھے فائل سے فرحت اوراقرا کا کردار دکھا دیں۔ عدالت نے دونوں خواتین کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 50،50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔