سابق امریکی صدر ڈونلڈ پر ریلی کے دوران قاتلانہ حملے کے بعد امریکی سیکرٹ سروس کی ڈائریکٹر ’ کمبر لی چیتل ‘ نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق کمبر لی چیتل پر ڈونلڈ ٹرمپ پر ریلی کے دوران حملے کے بعد شدید دباو تھا کہ وہ عہدے سے استعفیٰ دیں جبکہ وہ کانگرسک کمیٹی کے سامنے پیش بھی ہوئیں تھی ۔
کمبرلی چتیل نے اپنے سٹاف کو ای میل کے ذریعے استعفیٰ بھیجا جس میں کہا گیا تھا کہ میں سیکیورٹی ناکامی کی پوری ذمہ داری لیتی ہوں ، حالیہ واقعات کو سامنے رکھتے ہوئے میں نے بھاری دل کے ساتھ یہ مشکل فیصلہ کیاہے کہ اپنا عہدہ چھوڑ دوں ۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو 13 جولائی کو پنسلوینا میں ریلی کے دوران 20 سالہ نوجوان نے عمارت سے سنائپر گن کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی لیکن گولی سابق صدر کے کان کو چھوتی ہوئی پیچھے نکل گئی ، اس کے فوری بعد سیکرٹ سروس نے کارروائی کی اور گولی چلانے والے لڑکے کو مار گرایا ۔ تاہم اس موقع پر گولی لگنے سے ایک شخص ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے ٹرمپ پر ریلی کے دوران ہونے والے قاتلانہ حملے کا نوٹس لیا اور سیکیورٹی پروٹوکول کا آزادانہ جائزہ لینے کیلئے احکامات جاری کیئے۔
کمبر لی چیتل ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کے واقعہ کے بعد کانگریس کمیٹی کے سامنے پیش بھی ہوئیں تھیں جس میں انہوں نے سیکیورٹی ناکامی کا اعتراف کیا اور کہا کہ "13 جولائی کو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی کوشش دہائیوں میں سیکرٹ سروس کی سب سے بڑی آپریشنل ناکامی ہے،واضح طور پر ایک غلطی ہوئی تھی اور ہم ہر ممکن کوشش کریں گے کہ ایسا دوبارہ کبھی نہ ہو۔
کمبرلی چیٹل اگست 2022 سے امریکہ کی سیکریٹ سروس کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔