بھارت کی معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر 27سالہ آنوی کامدار ویڈیو بناتے ہوئے 300 فُٹ گہری کھائی میں گر کر جاں بحق ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی کی رہائشی آنوی کامدار پیشے سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر تھیں جو اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر سفر کی ویڈیوز اور تجربات شیئر کرتی تھیں۔
آنوی کامدار جنہوں نے‘ٹریولنگ ریلز اور وی لاگز’سے شہرت حاصل کی، 16 جولائی کو اپنے سات دوستوں کے ہمراہ مون سون سیریز کے سفر پر پہنچی تھیں۔ آنوی کامدار جیسے ہی مہاراشٹر کے مشہور کمبھے آبشار پہنچیں تو وہاں انتہائی افسوسناک حادثے کا شکار ہوگئیں، جس میں وہ اپنی جان گنوا بیٹھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آنوری کامدار کمبھے آبشار پر پہنچ کر اپنے انسٹاگرام ہینڈل کے لیے مون سون سفر کی ویڈیو کی ریکارنگ میں مصروف تھیں کہ اچانک اُن کا پاؤں پھسل گیا اور وہ تقریباَ 300 سے 350 فُٹ گہری کھائی میں جا گریں۔
مقامی حکام نے ہنگامی طور پر ریسکیو ٹیم کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا، جس کے بعد آنوی کامدار کو کھائی سے نکالنے کے لیے آپریشن کیا گیا، ریسکیو ٹیم طویل جدوجہد کے بعد انہیں کھائی سے زندہ نکال لیا تھا، مگر کھائی میں گرنے کے باعث انہیں شدید چوٹیں آئی تھیں، انہیں جیسے ہی اسپتال منتقل کیا گیا وہ جان کی بازی ہار گئیں۔