پی ٹی آئی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شوکت بسرا نے کہا کہ پی ٹی آئی اگر دہشتگرد جماعت ہے تو مریم صفدر کی سپریم کورٹ کےمعزز ججوں کے خلاف دہشتگردی کا کوئی جواب ہے
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شوکت بسرا نے وفاقی وزراء عطاء تارڑ اور رانا تنویرکی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 6 تو پی ٹی آئی کے صوبائی اسمبلیاں توڑنے کے بعد نوے دن میں الیکشن نہ کروانے والوں پر لگنا چاہیے ۔
پی ٹی آئی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 6 تو آئین کو روندنے والے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ،نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور چیف الیکشن کمشنر پر لگنا چاہیئے جنہوں نے آپ کو فارم س47 پر کامیاب کروایا۔
انہوں نے کہا کہ اسد قیصرسے جواب مانگنے کی بجائے آپ اپنے گریبانوں میں جھانکیں ، آپ کو جواب مل جائےگا ملک میں گملہ بھی ٹوٹ جائے تو اس کا ملبہ 47 کی جعلی حکومت پی ٹی آئی پر ڈال دیتی ہے ، بنوں کے پر تشدد واقعات پر وفاقی حکومت اپنی نالائقی کا ملبہ پی ٹی آئی پر ڈال رہی ہے ۔
شوکت بسرا کامزید کہنا تھا کہ عوام نے ان کی نا اہلیوں اور نالائقیوں کا جواب8فروری کے الیکشن میں ووٹ کے ذریعے دے دیا تھا ، پی ٹی آئی کو مہنگائی کا طعنہ دینے والے پٹرول، ڈالر اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں کو اپریل 2022 کی سطح پرلا کر دکھائیں۔