امریکی صدر جوبائیڈن کے پالتو کتے ’ کمانڈر ‘ کو کاٹنے کے متعدد واقعات کے بعد وائٹ ہاؤس سے باہر منتقل کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ ’ کمانڈر ‘ نامی پالتو کتا جرمن شیفرڈ نسل سے تعلق رکھتا ہے اور اس کی مالک ’ جوبائیڈن فیملی‘ ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی خاتون اول جل بائیڈن کی ترجمان الزبتھ الیگزینڈر نے بتایا کہ ابھی دو سالہ جرمن شیفرڈ کے حوالے سے فیصلہ کیا جا رہا ہے، صدر اور خاتون اول کو وائٹ ہاؤس میں کام کرنے والوں اور ہر روز ان کی حفاظت کرنے والوں کا بہت خیال ہے۔
گزشتہ ہفتے کمانڈر نے ایک سیکرٹ سروس ایجنٹ کو کاٹ لیا تھا جسے موقع پر طبی علاج کی ضرورت پیش آئی اور یہ 11 واں موقع تھا جب کتے نے وائٹ ہاؤس کمپلیکس یا فیملی ہوم ڈیلاوئیر میں کسی گارڈ کو کاٹا۔
الزبتھ الیگزینڈر کا کہنا تھا کہ یو ایس سیکرٹ سروس اور اس میں شامل تمام افراد کی حمایت کے شکرگزار ہیں ، کمانڈر فلحال وائٹ ہاؤس کے کمپلیکس میں نہیں ہے اور اس حوالے سے اگلے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ کتا اس وقت کہاں رہ رہا ہے یا اسکی دوبارہ وائٹ ہاؤس میں واپسی ہوگی کہ نہیں۔
ترجمان کا یہ بیان سی این این کی رپورٹ کے فوراً بعد سامنے آیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کتا اب تک مختلف واقعات میں 11 سے زیادہ افراد کو کاٹ چکا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری کرین جین پیئر نے جولائی میں ایک بیان میں کہا تھا کہ حملوں کی وجہ رہائش گاہ میں رہنے کا تناؤ ہے ، جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ وائٹ ہاؤس کمپلیکس منفرد اور دباؤ والا ہو سکتا ہے۔
رواں ہفتے وائٹ ہاؤس حکام نے کہا تھا کہ وہ کاٹنے کے واقعات کے بعد کتے کی تربیت کے حوالے سے اہم اقدامات کر رہے ہیں۔