تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
سابق وفاقی وزیر شفقت محمود کا کہنا تھا کہ بہت سوچ بچار کے بعد سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کیا، یہ فیصلہ کسی پریشر کی وجہ سے نہیں کیا، نہ ہی کسی اور سیاسی جماعت میں جانے کا ارادہ ہے۔
شفقت محمود نے کہا کہ یہ اعلان صرف سیاست سے علیحدگی کا ہے، اس کا تعلق وقت اور عمر کے تقاضے سے ہے، میں ان سے مکمل اتفاق کرتا ہوں جو کہتے ہیں کے سیاست میں نوجوانوں کو آگے آنا چاہیے
انہوں نے کہا کہ آج سے34 سال پہلے سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دے کرسیاست میں قدم رکھا، باقی عمرتحریر اور تدریس کے لیے وقف کرنا چاہتا ہوں۔
شفقت محمود کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی سفر کے دوران جیل کی یاترا کرنے کا بھی اتفاق ہوا، مجھے اطمینان ہے کہ میں نے ہمیشہ اپنی ساری ذمہ داریاں نہایت ایمانداری سے سرانجام دیں، ہر عہدے کو ایک فرض سمجھ کر نبھایا، اللہ کا شکر ہے کہ آج تک کسی نے ناجائز الزام تک نہیں لگایا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بطور وزیر تعلیم پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ یکساں نصاب بنایا اور کووڈ کے مشکل وقت میں تعلیمی نظام کامیابی سے سنبھالا، میں چیئرمین تحریک انصاف کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے یہ خدمت کا موقع فراہم کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں تحریک انصاف اور اپنے حلقے کے عوام کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے دو دفعہ مجھے شرف نمائندگی بخشا، ملک کی خدمت کا یہ جذبہ تاحیات رہے گا اور امید ہے کہ تحریر و تدریس اور میڈیا کے ذریعے یہ سفر جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ جنرل الیکشن میں سابق وفاقی وزیر شفقت محمود نے الیکشن سے دستبرداری کا فیصلہ کرکے کسی بھی سیٹ سے الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کیا تھا۔