پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابرا عظم ، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کو کینیڈا میں ہونے والی لیگ کرکٹ کیلئے این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے گلوبل ٹی ٹوئنٹی کے لیے کھلاڑیوں کی این او سی کی درخواستوں پر درج ذیل اپ ڈیٹ جاری کیا ہے جو رواں ماہ کے آخر میں کینیڈا میں کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیاہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کی جانب سے این او سی کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی غیرمعمولی مصروفیت اور ان تینوں کھلاڑیوں اور سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کے بعد ان تینوں کرکٹرز کو این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ اگست 2024 سے مارچ 2025 کے عرصے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کے نو ٹیسٹ کھیلنے ہیں اس کے علاوہ اسے آئندہ سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی بھی کھیلنی ہے جس کا انعقاد پاکستان میں ہونا ہے۔
اسطرح پاکستان اس عرصے میں نو ٹیسٹ چودہ ون ڈے انٹرنیشنل اور نو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے گا۔ اس لیے یہ کھلاڑی تینوں فارمیٹس میں شامل ہیں اور پاکستان کو آئندہ آٹھ ماہ میں ان کی خدمات درکار ہو ں گی ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی ورک لوڈ منیجمنٹ پالیسی کے پیش نظر یہ پاکستان کرکٹ اور کھلاڑیوں کے بہترین مفاد میں ہے کہ یہ کھلاڑی کینیڈا میں ہونے والے ایونٹ کو چھوڑ دیں تاکہ وہ سیزن کے لیے اپنی بہترین ذہنی اور جسمانی شکل میں ہوں جس کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے ہوگا۔
اس سے قبل پی سی بی نے اسی بنیاد پر نسیم شاہ کو دی ہنڈریڈ کے لیے این او سی جاری نہیں کیا تھی۔تاہم پی سی بی نے آصف علی، افتخار احمد، محمد عامر اور محمد نواز کے لیے این او سی کی منظوری دے دی ہے۔ چاروں کھلاڑی بنیادی طور پر وائٹ بال کے کرکٹرز ہیں۔افتخار احمد اور محمد نواز سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز ہیں۔