مظفرآباد میں عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر آزاد کشمیر میں پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔رہنماؤں کی گرفتاریوں اوراحتجاجی کیمپ اکھاڑنے کے خلاف مظاہرے کئے گئے۔
ملک بھر کی طرح آزاد کشمیر میں بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور بجلی کے بھاری بلز کے خلاف مظفر آباد اور کوٹلی سمیت پورے آزاد کشمیر میں آج مکمل ہڑتال کی جا رہی ہے،جس میں عام دکانوں کے ساتھ ہر قسم کا کاروبار اور بازار بند ہیں۔
تاجر تنظیموں، وکلا، ٹرانسپورٹرز اور زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ تنظیموں اور یونینوں کی جانب سے ہڑتال کی حمایت کی گئی ہے۔ ہڑتال کی وجہ سے آزاد کشمیر میں ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں، جب کہ کئی نجی اسکولز کی جانب سے چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹرز اور عملے کو ڈیوٹیوں پر حاضر رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔