ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ہدایت کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک پر پیش کیا جائے۔
ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ایڈیشنل اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے کی۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ نے بتایا کہ بیرسٹر سلمان صفدر لاہور ہائیکورٹ میں مصروف ہیں۔ سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کی جائے۔
جج نے ریمارکس دئیے کہ اب جلدی سماعت نہیں ہوسکتی۔ سماعت اب چھٹیوں کے بعد ستمبر میں ہوگی،آئندہ ہفتے سماعت مقرر کرنے کی استدعا پر جواب دیا کہ آئندہ ہفتے کیسز کا کافی رش ہے۔ عدالت نے سپریٹننڈنٹ اڈیالہ جیل کو آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک پر پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 30 جولائی تک ملتوی کردی۔ آئندہ سماعت پر ضمانت کی درخواستوں پر دلائل طلب کرلیے۔
بانی پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ ترنول میں دو، رمنا، سیکرٹریٹ، کوہسار اور تھانہ کراچی کمپنی میں مقدمہ درج ہے۔ بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ کوہسار میں توشہ خانہ جعلی رسیدوں کا مقدمہ درج ہے۔