انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے بانی پی ٹی آئی کیخلاف جناح ہاؤس سمیت 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ منظوری کا تحریری حکم جاری کردیا ۔
پیر کو انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف جناح ہاؤس اوردیگر 11 مقدمات سے متعلق سماعت ہوئی جس کا تحریری حکم جاری کردیا گیا ہے۔
تحریری حکم نامے کے مطابق تفتیشی افسر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے گرفتاری کی صورت میں کارکنانِ کو عسکری تنصیبات پر حملے کا کہا، تفتیشی نے وائس میچنگ ٹیسٹ، پولی گرافک اور فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ کیلئے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
بانی پی ٹی آئی کی واٹس ایپ ویڈیو کال کے ذریعے حاضری لگائی گئی، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے 9 مئی کے سارے واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے نہیں لائی گئیں۔
حکم نامہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر کیلئے انکی نہیں سنی گئی۔
ملزم پر جدید ڈیوائسز کے ذریعے مجرمانہ سازش پھیلانے کا الزام ہے، انصاف کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش کے عمل میں خلل نہیں ہونا چاہیے۔
تحریری حکم میں مزید کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کا تمام مقدمات میں دس دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے اور ملزم کو 25 جولائی کو ویڈیو لنک کے ذریعے دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔