ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ عمان کی مسجد میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے تصدیق کی ہے کہ مسقط دہشتگردی میں 4 پاکستانی شہری جاں بحق اور 30 زخمی ہوئے۔ واقعے میں چار پاکستانیوں کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارتخانے نے پاکستانی کمیونٹی کی سہولت کیلئے ہیلپ لائن قائم کردی ہے۔ پاکستانی سفیرعمران علی نےمقامی اسپتالوں میں زخمی پاکستانی شہریوں کی عیادت کی، شہداء کے جسد خاکی وطن واپس لانے پاکستانی سفارتخانہ عمانی حکام سے رابطے میں ہیں، پاکستان نے عمانی حکام کو واقعے کی تحقیقات کیلئے ہر ممکن مدد کی پیشکش کی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق واقعہ مسقط کے علاقے وادی الکبیر میں امام علی مسجد میں پیش آیا، جہاں مجلس عزا جاری تھی اور 700 سے زائد افراد موجود تھے، مسجد میں زیادہ تر پاکستانی کمیونٹی کے افراد تھے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ سکیورٹی حکام اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تاہم حملہ آوروں کی تعداد اور ہلاکت سے متعلق معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔ فورس نے مشرقی مسقط کی مسجد میں ابتدائی طور پر چار ہلاک اور متعدد زخمی ہونے کی اطلاع دی۔