سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف خفیہ دستاویزات کا کیس عدالت نے خارج کردیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف دائر کیا گیا خفیہ دستاویزات کا کیس فلوریڈا کی عدالت کے جج نے خارج کردیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مذکورہ کیس ماورائے قانون سپیشل پراسیکیوٹر کی تعیناتی کی بنیاد پر خارج کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ٹرمپ پر الزام تھا کہ وہ وائٹ ہاؤس چھوڑتے وقت قومی دفاعی خفیہ دستاویزات غیر قانونی طور پر اپنے ساتھ لے گئے تھے اور گزشتہ برس ان کی رہائش گاہ سے 100 کے قریب خفیہ دستاویزات برآمد ہوئی تھیں۔
بعدازاں، سابق امریکی صدر پر کیس میں فرد جرم بھی عائد ہوئی تھی اور انہیں عدالت میں پیشی کے موقع پر گرفتار بھی کیا گیا تھا تاہم، تھوڑی دیر بعد رہا کردیا گیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا ردعمل
سابق امریکی صدر نے کیس خارج ہونے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ مجھے اس پر خوشی ہے اور امید ہے کہ اس کا دیگر مقدمات پر بھی اثر ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ڈیموکریٹس کی حکومت نے محکمہ انصاف کے ساتھ مل کر ان پر سیاسی وار کئے ، عدالتی نظام کا بطور ہتھیار استعمال ختم ہونا چاہیے۔