اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی جانب سے اپنے شوہر اور چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل میں سکیورٹی اور تحفظ کے لیے دائر کی جانے والی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پاکستان تحریک کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل اور معروف قانون دان لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے اور استدعا کی کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کا کھانا فراہم کرنے کی اجازت دی جائے۔
لطیف کھوسہ نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل کے جس سیل میں رکھا گیا ہے وہاں نماز بھی مشکل سے ادا کی جاسکتی ہے۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے جو گنجائش ہے اور جو کچھ عدالت کرسکتی ہے اس پر میں آرڈر کردوں گا۔
بعدازاں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا جبکہ کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔