بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کو جناح ہاؤس حملے کے مقدمے میں بھی گرفتار کرلیا گیا۔
انوسٹی گیشن پولیس نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل پہنچ کر باضابطہ گرفتاری ڈالی اور پولیس کے مطابق ان سے ریاست مخالف اکسانے کی دفعات کے تحت تفتیش کی جائے گی ۔
پولیس کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی جناح ہاؤس حملے سمیت 9 مئی کے 12 مقدمات میں گرفتاری ڈالی گئی اور ان سے ریاست مخالف اکسانے کی دفعات کے تحت تفتیش کی جائے گی۔
پولیس نے راولپنڈی کی عدالت سے بانی پی ٹی آئی کو لاہور منتقل کرنے کی استدعا کی لیکن عدالت نے سیکیورٹی خدشات کے باعث اجازت نہیں دی۔
پیر کو بانی پی ٹی آئی ویڈیو لنک کے ذریعے لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق جناح ہاؤس حملے سے متعلق تفتیش کے لیے بانی پی ٹی آئی کے ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ہفتہ کو نیب نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کے نئے کیس میں گرفتاری ڈالی تھی اور بعدازاںں وفاقی حکومت نے دونوں ملزمان کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہی کرنے کا اعلامیہ جاری کیا تھا۔