نیب راولپنڈی نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کے نئے کیس میں گرفتار ڈال دی ۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون کی سربراہی میں نیب ٹیم نے اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو گرفتار کیا۔ نیب راولپنڈی نے توشہ خانہ ٹو کی تحقیقات شروع کر رکھی ہیں جس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے عدم تعاون کا سامنا تھا، یہ ریفرنس مختلف گھڑیوں اور زیورات سے متعلق ہے۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ممکنہ گرفتاری کیلئے اڈیالہ جیل جانے والی تین رکنی نیب راولپنڈی ٹیم کی سربراہی اسسٹنٹ ڈائریکٹر نعیم اللہ کر رہے ہیں ۔
ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کی ٹیم 9 مئی کے مقدمات کی تفتیش کیلئے اڈیالہ جیل پہنچی لیکن تفتیشی ٹیم کو تفتیش کیلئے وقت نہ مل سکا اور 5 گھنٹے اڈیالہ جیل میں رکنے کے بعد واپس لاہور روانہ ہو گئی۔ اڈیالہ جیل کے اندر جانے والے افسران میں انسپکٹر منیر،ارحم اور اکمل شامل تھے۔
لاہور پولیس کی ٹیم انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی سے اجازت لے کر اڈیالہ جیل پہنچی ، پولیس ٹیم اڈیالہ جیل کے گیٹ 5پہنچ پر ضابطے مکمل کرکے اندر داخل ہوئی۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان بھی اڈیالہ جیل کے باہر جمع ہونا شروع ہوئے اور سیکیورٹی کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری کو جیل کے اطراف تعینات کیا گیا ۔
یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ سیشن عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں منظور کرتے ہوئے بری کر دیا تھا اور روبکار جاری کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم جاری کیا ۔