ملک ڈالر کی قیمت میں کمی کے بعد روپیہ مستحکم ہورہا ہے۔ کرنسی کے حجم میں ہفتہ وار بنیادوں پر ایک اعشاریہ تین فیصدکی کمی سامنے آئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 22 ستمبر2023 کوختم ہونے والے ہفتہ میں زیرگردش کرنسی کا حجم 8370 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو 15 ستمبرکو ختم ہونے والے ہفتہ کے مقابلہ میں 1.3 فیصدکم ہے،
گزشتہ ہفتے میں زیرگردش کرنسی کاحجم 8480 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا،گزشتہ مالی سال کے اختتام پر زیرگردش کرنسی کاحجم 9149 ارب روپے تھا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق 22 ستمبرکوختم ہونے والے ہفتہ میں زروسیع (براڈمنی) کاحجم 31112 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو 15 ستمبرکو ختم ہونے والےہفتہ کے مقابلہ میں 0.1 فیصدکم ہے، 15 ستمبرکو ختم ہونے والے ہفتہ میں زروسیع کاحجم 31130 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق 22 ستمبرکو ختم ہونے والے ہفتہ میں بینکوں کے مجموعی ڈیپازٹس کا حجم 22641 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں 0.4 فیصد زیادہ ہے، 15 ستمبرکوختم ہونے والے ہفتہ میں بینکوں کے مجموعی ڈیپازٹس کاحجم 22549 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔