عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، بدھ کو کروڈ آئل کی قیمتوں میں 4 ڈالر فی بیرل سے زائد کمی دیکھی گئی۔
رپورٹ کے مطابق امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 4 فیصد کمی کے بعد 85.59 ڈالر فی بیرل جبکہ برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ آئل 3.8 فیصد کمی سے 87.40 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔
واضح رہے کہ برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 15 دن میں 7 ڈالر فی بیرل سے زیادہ گر چکی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق تیل پیدا کرنیوالے ممالک کی تنظیم اوپیک پلس کی جانب سے تیل کی پیداوار برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سعودی عرب اور روس نے سال کے آخر تک تیل کی پیداوار کے کوٹے میں رضاکارانہ طور پر تین سے 10 لاکھ بیرل کمی کا اعلان کیا ہے۔
سعودی وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ پیداواری کوٹے میں رضاکارانہ کمی جاری رکھنے کا فیصلہ تیل کی عالمی منڈی میں استحکام لانے کیلئے کیا گیا ہے۔
اوپیک اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی مارکیٹ کے حالات کا باریک بینی سے جائزہ لینا جاری رکھے گی، پینل نے سعودی اور روسی کٹوتیوں کو تسلیم کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ تیل کی قیمتوں کا جائزہ لینے کیلئے اگلا اجلاس 26 نومبر کو ہوگا۔