بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا ( بی سی سی آئی ) نے سابق ٹیسٹ کرکٹر گوتم گمبھیر کو بھارتی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا۔
بی سی سی آئی کی جانب سے گوتم گمبھیر کو ساڑھے تین سال کے لیے بھارتی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
بھارتی بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے گوتم گمبھیر کی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں بطور ہیڈ کوچ خوش آمدید کہتے ہیں۔
جے شاہ کا کہنا تھا کہ مجھے اعتماد ہے کہ گمبھیر بھارتی کرکٹ کے لئے ایک آئیڈیل شخص ہیں اور وہ کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گوتم گمبھیر کا بھارتی ٹیم سے متعلق وژن بڑا واضح ہے اور ان کے نئے سفر میں بورڈ ان کا مکمل ساتھ دے گا۔
گوتم گمبھیر کا ردعمل
بھارتی ٹیم کا کوچ مقرر ہونے پر گوتم گمبھیر نے اپنے رد عمل میں کہا کہ ہندوستان میری پہچان ہے اور اپنے ملک کی خدمت کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے، مجھے ایک مختلف کردار دیا گیا ہے جس کے باوجود واپس آنے پر فخر ہے۔
گوتم گمبھیر کا کہنا تھا کہ لیکن میرا مقصد وہی ہے جو ہمیشہ رہا ہے کہ ہر ہندوستانی فخر محسوس کرے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں نے 1.4 بلین بھارتیوں کے خواب دیکھے ہیں اور میں ان خوابوں کو پورا کرنے کے لئے اپنی طاقت میں ہر ممکن کوشش کروں گا۔
خیال رہے کہ گوتم گمبھیر کی کوچنگ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے آئی پی ایل ٹائٹل جیتا تھا۔
یاد رہے کہ گمبھیر کو سابق بھارتی کوچ راہول ڈریوڈ کی جگہ مقرر کیا گیا ہے جن کی کوچنگ میں بھارتی نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 جیتا ہے۔