بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے ملک کو ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ جتوانے کے بعد اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ بھارت کو چھوڑنے کی مبینہ منصوبہ بندی شروع کر دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق کوہلی اور انوشکا بھارت میں شور شرابے اور کروڑوں مداحوں سے دور اپنی نجی زندگی پرسکون ماحول میں گزارنا چاہتے ہیں جہاں ہنگامہ اور شور شرابے نہ ہو اور دونوں آزادانہ گھوم پھر سکیں، ان کے بچے بیرون ملک تعلیم حاصل کرسکیں ان کا ہدف ایسا شہر ہے جہاں عام لوگ انہیں پہچان نہ سکیں۔
فائنل کے ہیرو جمعرات کو ممبئی میں وکٹری پریڈ میں شرکت کے بعد اپنی اہلیہ اور دونوں بچوں وامیکا(بیٹی)اور اکائے(بیٹا) کے ساتھ روانہ ہوگئے۔
ہفتے کی شب ورلڈکپ فائنل کے بعد ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان کردیا، وہ ٹیسٹ اور ون ڈے کھیلتے رہیں گے، ورلڈکپ کے پورے ایونٹ ناکام رہنے والے ویرات نے فائنل میں جنوبی افریقا کے خلاف 59گیندوں 76 رنز بنائے اور پلیئر آف دی فائنل قرار پائے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جب سے انوشکا شرما اور ویرات کوہلی دوسرے بچے آکائے کوہلی کے والدین بنے ہیں، اس کے بعد سے یہ جوڑا لندن شفٹ ہونے کا سوچ رہا ہے۔
ان کے قریبی حلقے دعویٰ کررہے ہیں کہ اب یہ خاندان لندن میں مستقل طور پر آباد ہوسکتا ہے جہاں وہ ایک عالیشان گھر خریدنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں،آکائے کی پیدائش سے پہلے ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے لندن میں کافی وقت گزارا اور انہوں نے اسے وہیں جنم دینے کا فیصلہ کیا۔
جوڑے نے آکائے کی پیدائش کے بعد بھی تقریباً 2ماہ لندن میں گزارے اور کرکٹ سے دور رہے، ویرات کوہلی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور آئی پی ایل کے لیے بھارت واپس آئے تھے، اس کے کئی دن بعد انوشکا بھی بھارت واپس آئیں۔
ان کے قریبی لوگوں کا کہنا ہے کہ ویرات چونکہ ریٹائرمنٹ کے قریب ہیں، وہ اب برطانیہ میں مستقل ہی رہیں گے۔
انہوں نے ایک انٹر ویو میں انکشاف کیا تھاکہ وہ یورپ میں رہنا پسند کرتے ہیں کیونکہ یورپ زیادہ تر لوگ انہیں پہچان نہیں پاتے اور اس سے انہیں معمول کی زندگی ملتی ہے۔