خیبر پختونخوا میں پی ڈی ایم اے نے طوفانی بارشوں اور گلیشئر پھٹنے کا ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔ چترال ،دیر اور کوہستان میں گلیشئر پگلھنے سے سیلاب کا انتباہ بھی جاری کردیا ہے۔ جبکہ صوبے میں کئی مقامات پر بارش سے درجہ حرارت میں کمی ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں درجہ حرارت مزید بڑھنے سے گلیشیئر پھٹنے کے پیش نظر چترال اپر اور لوئر ،کوہستان اپر، دیر اپر اور سوات کے بالائی علاقوں میں گلیشیر پگھلنے سے لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔ 6 جولائی سے 8 جولائی تک طوفانی بارشوں کا الرٹ بھی جاری کیا جاچکا ہے۔
دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف مقامات پر بارش اور بوندا باندی سے پارا جو اوپر ہی اوپر جارہا تھا نیچے آنا شروع ہوا۔ پشاور میں درجہ حرارت میں 6 درجے کمی سے سینتیس ڈگری سینٹی گریڈ پر گر گیا ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان کا درجہ حرارت جو کہ 45 تک پہنچ گیا تھا میں چار ڈگری کمی سے درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی تک آ گیا ہے۔اب تک بالاکوٹ میں بائیس ،دوروش چترال میں دس ،مالم جبہ اور تخت بھائی میں چھ، چھ اور تیمرگرہ اور باجوڑ میں تین ،تین ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔
اگلے 24 گھنٹے میں صوبے کے زیاد تر علاقوں میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے ساتھ شہروں میں بھی اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔