واپڈا حکام کا دعویٰ ہے کہ گزشہ مالی سال کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی کی پیداوار کے حوالے سے بہتر ثابت ہوا۔ زیر جائزہ عرصے کے دوران نیشنل گرڈ کو 34 ارب 43 کروڑ یونٹ پن بجلی مہیا کی گئی۔
واپڈا کے اعلامیے کے مطابق گزشتہ مالی سال پن بجلی کی پیداوار سال 23،2022 کی نسبت تین ارب 26 کروڑ یونٹ زیادہ رہی۔
اضافی پیداوار کے باعث قومی خزانے کو 143 ارب 70 کروڑ روپے کی بچت ہوئی۔ پن بجلی پاکستان میں پیدا ہونے والی سستی ترین بجلی ہے جس کا ٹیرف تین روپے اکیاسی پیسے فی یونٹ ہے۔
اعلامیے کے مطابق پن بجلی پاکستان میں بجلی کے باسکٹ ٹیرف کو کم کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ نیشنل گرڈ میں واپڈا پن بجلی کا حصہ تقریباً 30 فیصد ہے۔ واپڈا نیشنل گرڈ میں سستی پن بجلی کا تناسب بڑھانے کیلئے متعدد منصوبے تعمیر کر رہا ہے۔ آئندہ 5 سالوں میں پن بجلی کی مجموعی پیداوار 20 ہزار 700 میگاواٹ ہوجائے گی۔