اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب ( اے سی ای ) نے فرائض میں غفلت برتنے پر اپنے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو گرفتار کرا دیا۔
ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر ننکانہ خالد محمود کو زیر حراست ملزم کو فرار کرنے کے الزام میں گرفتار کرایا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ننکانہ زیر حراست ملزم کو لوکل پولیس اسٹیشن کی حوالات میں بند کرنے کے لئے لے کر گئے اور راستے میں ملزم کے ساتھیوں نے اسے زبردستی فرار کرادیا جبکہ اس موقع پر خالد محمود کی جانب سے کسی قسم کی کوئی مزاحمت نہیں کی گئی۔
خالد محمود نے ملزم کے فرار ہونے کا معاملہ بھی افسران بالا سے چھپایا۔
تاہم، شواہد سے یہ بات ثابت ہوئی کہ انہوں نے فرائض سے غفلت برتنے کا مظاہرہ کیا اور ملزم کو فرار ہونے میں مدد فراہم کی جس پر پولیس سٹیشن چوہنگ میں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
بعدازاں ، پولیس کی جانب سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر خالد محمود کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
دوسری جانب سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس کے کیپشن میں معاملے کو ’ اینٹی کرپشن میں خود احتسابی کی شاندار روایت ‘ قرار دیا گیا۔
اینٹی کرپشن میں خوداحتسابی کی شاندار روایت۔ فرائض سے غفلت برتنے اور زیر حراست ملزم کو فرار کروانے کے الزام میں اینٹی کرپشن نے اپنےاسسٹنٹ ڈائریکٹر ننکانہ خالد محمود کو گرفتارکروا دیا۔#corruption #FIR #Arrest #Selfaccountability #corruptionfreepunjab pic.twitter.com/LR555x3aDZ
— Anti-Corruption Establishment Punjab (@ace_punjab) October 4, 2023
ایکس پر جاری ویڈیو میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو حوالات میں کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔