غیر قانونی طور پر اٹلی بجھوانے کے کیس میں 2 ملزمان کے خلاف مقدمہ کی سماعت مکمل، راولپنڈی کی عدالت نے ملزم فیض اللہ اور محمد اسلام کو مجموعی طور پر 34 سال قید سخت اور 65 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنا دیا ۔
سپیشل جج سینٹرل امجد علی شاہ نے انسانی اسمگلنگ کیس میں ملزمان کو امیگریشن آرڈیننس کی سیکشن 18 کے تحت سات سات سال قید، 15 اور 10 لاکھ فی کس جرمانہ کی سزا کا حکم جبکہ ملزمان کو سیکشن 22 کے تحت سات سات سال قید سخت، 20 اور 10لاکھ جرمانہ کی ادائیگی کا حکم اسی طرح پی ایم ایس اے سیکشن 3،6 کے تحت تین تین سال قید، پانچ لاکھ فی کس جرمانہ کی سزا کا بھی حکم سنایا۔ عدم ادائیگی جرمانہ پر ملزمان کو مزید کاٹنا ہوگی۔ واضح رہے کہ ملزمان نے جون 2022 میں دو افراد کو اٹلی بجھوانے کا جھانسہ دیکر 77 لاکھ روپے بٹورے تھے، اٹلی پہنچنے سے قبل عثمان رزاق اور اسکا کزن شکیل اختر لاپتہ ہوگئے تھے، ملزمان کے خلاف عثمان رزاق کے والد عبدالرزاق کی مدعیت میں گزشتہ سال مقدمہ درج کیا گیا تھا۔