شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ پرنیول چیف ایڈمرل نویداشرف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت پر عزم ہیں۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروس پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی میں 121ویں مڈشپ مین اور 29 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف پاسنگ آؤٹ پریڈ کے مہمانِ خصوصی تھے ،کمیشن حاصل کرنے والے 98 افسران میں 6 خواتین اور 14 دوست ممالک کے افسران شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ نیول اکیڈمی میں بحرین ، جبوتی ،عراق، سری لنکا اور فلسطین کے کیڈٹس زیر تربیت ہیں۔
پاکستان نیول چیف ایڈمرل نویداشرف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت قابل تحسین ہے،سکستھ جنریشن وارفیئر سے خوش اسلوبی سے نبردآزما ہونے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کو اپنانا بحری حکمت عملی کے لیے ناگزیر ہے۔
نیول چیف ایڈمرل کاتقریب میں مزید کہنا تھا کہ بحری بیڑے میں جدید ترین پلیٹ فارمز کی شمولیت انڈین اوشن ریجن کے آنے والے منظر نامے میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے، ہنگور کلاس سب مرینز جدید ترین پلیٹ فارمز کے حصول میں اہم سنگ میل ہے۔
انھوں نے کہا کہ مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت پر عزم ہیں،پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر دم تیار ہے۔
مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے ،مڈشپ مین عبداللہ وحید نے اعزازی شمشیر جبکہ مڈشپ مین آفتاب احمد نے اکیڈمی ڈرک حاصل کی ،پریڈ میں اعلیٰ سول و عسکری عہدیداران، غیر ملکی مندوبین اور کیڈٹس کے والدین نے شرکت کی۔