ملکی تبادلہ مارکیٹوں میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مسلسل 21 ویں روز بھی اضافے کا رجحان برقرار رہا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق آج انٹربینک میں پاکستانی روپیہ کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر مزید ایک روپے 5 پیسے گرکر 284.81 روپے پر آگئی۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر ایک روپے سستا ہوکر 285 روپے پر آ گیا۔ ڈالر کی قدر ساڑھے تین ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا۔
یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ روز بھی انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں تنزلی دیکھی گئی، انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 1.04 روپے کی کمی ہوگئی، جس سے ڈالر 285 روپے 72 پیسے پر بند ہوا تھا۔
یاد رہے کہ 5 ستمبر سے لے کر 4 اکتوبر تک انٹربینک میں روپے کی قدر میں مجموعی طور پر تقریباً 22 روپے 40 پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر بلند ترین سطح سے سے 45 روپے سستا ہوچکا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق بڑے پیمانے پر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن سے روپیہ تگڑا ہونے لگا۔ اس وقت روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں سات ہفتے کی بلند ترین سطح پر ہے اور پاکستانی روپیہ ستمبر کے دوران دنیا کی بہترین کارکردگی کرنے والی کرنسی بن گیا۔