قومی ٹیم کے سینئر منیجر وہاب ریاض نے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی سےمتعلق رپورٹ جمع کرا دی۔
سماء کے مطابق سینئر ٹیم منیجر وہاب ریاض کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان ٹیم میں ٹیلنٹ موجود ہے لیکن رزلٹ توقعات کے مطابق نہیں آئے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی ٹیم میں اتفاق کی کمی نظر آئی جس کی وجہ سے رزلٹ توقع کے برعکس نکلے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گیم پلان کے مطابق گراؤنڈ میں عملدرآمد نہیں کیا گیا، پاکستانی ٹیم کی بہتری چاہتے ہیں، کوچنگ کیمپ لگنے چاہئیں، گراس روٹ لیول اور ڈومیسٹک کرکٹ میں کام کرنا چاہیے۔
انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو بھی زیادہ سے زیادہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنی چاہیے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ قومی ٹیم میں نظم و ضبط کی کمی نظر آئی، جس کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے اور ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے۔
رپورٹ کے مطابق قومی ٹیم کے بارے میں تنقید کی جاتی رہی کہ میچ سے پہلے کھلاڑی دیر رات تک ہوٹل آتے رہے، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا کرفیو ٹائم رات بارہ بجے تھا اور سکیورٹی آفیسر نے کسی کھلاڑی کی کوئی شکایت رپورٹ نہیں کی کہ کسی کھلاڑی نے کرفیو ٹائم کی خلاف ورزی کی ہو۔