اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کیلئے کور گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ساتھ ہی پہلی ٹیلی انفرااسٹرکچر شیئرنگ فریم ورک اور نیکسٹ جنریشن موبائل براڈ بینڈ سروسز کیلئے آئی ایم ٹی اسپیکٹرم کے اجراء کی منظوری دیدی۔
نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا، جس میں وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے معاشی اشاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
ای سی سی نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کیلئے کور گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں پلاننگ، تجارت، فوڈ سیکیورٹی اور وزارت صنعت کے سیکریٹریز پر مشتمل ہوگا، گروپ اہم اجناس کے اسٹریٹیجک ذخائر برقرار رکھنے کیلئے ٹھوس سفارشات اور اہم اشیاء کی قیمتوں میں استحکام کیلئے تجاویز بھی دے گا۔
دوسری جانب ای سی سی نے پہلی ٹیلی انفرا اسٹرکچر شیئرنگ فریم ورک کی منظوری دیدی جبکہ نیکسٹ جنریشن موبائل براڈ بینڈ سروسز کیلئے آئی ایم ٹی اسپیکٹرم کے اجراء کی بھی منظوری دی گئی ہے، آئی ایم ٹی اسپیکٹرم کے اجراء کیلئے ایڈوائزری کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی۔