افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان نے پاکستان کے سابق کپتان اور سٹار آلراؤنڈر شاہد آفریدی رول ماڈل قرار دے دیا۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں افغانستان نے بنگلادیش کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 8 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔
افغانستان نے تاریخ میں پہلی بار آئی سی سی ٹورنامنٹ میں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ہے جس کے بعد افغان شہریوں کی جانب سے خوب جشن منایا گیا ہے اور کرکٹ شائقین نے بھی افغان ٹیم کی کارکردگی کو خوب سراہا ہے۔
پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی جانب سے افغان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی گئی۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ افغانستان نے تاریخی پرفارمنس دی، ساری ٹیم کو مبارک۔
سابق کپتان نے راشد خان کی قیادت اور باؤلر نوین الحق کی باؤلنگ کو بھی سراہا۔
شاہد آفریدی کے پیغام پر ردعمل دیتے ہوئے افغان ٹیم کے کپتان راشد خان کا کہنا تھا کہ ’’ لالہ آپ کے الفاظ کا شکریہ، آپ میرے سمیت بہت سے لوگوں کے لیے رول ماڈل رہے ہیں‘‘۔
راشد خان کا کہنا تھا کہ جدید کرکٹ میں شاہد آفریدی کی شراکت واقعی حیرت انگیز رہی ہے۔