پاک سوزوکی نے اپنی بائیکس کی قیمتوں میں ایک ماہ کے دوران دوسری بار اضافہ کردیا۔
پاک سوزوکی نے 15 ستمبر کو اپنی دو بائیکس کی قیمتوں میں 26 ہزار روپے تک اضافہ کیا تھا، جن میں جی آر 150 اور جی ایس ایکس 125 شامل تھیں۔
رپورٹ کے مطابق سوزوکی کی جانب سے 15 ستمبر 2023ء کو جاری نئی قیمتوں کے مطابق جی آر150 کی قیمت 26 ہزار روپے اضافے سے 5 لاکھ 47 ہزار روپے اور جی ایس ایکس 125 کی قیمت 11 ہزار روپے اضافے سے 4 لاکھ 99 ہزار روپے پر پہنچ گئی تھی۔
تازہ اطلاعات کے مطابق سوزوکی پاکستان نے اپنی دو مزید گاڑیوں جی ڈی 110 ایس اور جی ایس 150 کی قیمتوں سمیں 18 ہزار روپے کا اضافہ کردیا، جس کا اطلاق یکم اکتوبر 2023ء سے ہوگیا ہے۔
تازہ اضافے کے بعد سوزوکی جی ڈی 110 ایس کی قیمت 17 ہزار روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 35 ہزار روپے سے بڑھ کر 3 لاکھ 52 ہزار روپے پر پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سوزوکی جی ایس 150 کی قیمت میں 18 ہزار روپے اضافہ کیا گیا جس کے بعد اس کی قیمت 3 لاکھ 64 ہزار روپے سے 3 لاکھ 82 ہزار روپے پر جاپہنچی ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن مین بتایا گیا ہے کہ ریٹیل قیمت میں ایکس فیکٹری اور فریٹ چارجز بھی شامل کئے گئے ہیں، موجودہ قیمتیں بغیر پیشگی اطلاع کے تبدیل کی جاسکتی ہیں اور ان کا اطلاق ڈیلیوری کے وقت پر ہوگا جبکہ صارفین سے حکومتی ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
قیمتیں بڑھانے کی وجوہات؟
جی ڈی 110 ایس کی قیمت میں 3 لاکھ 50 ہزار روپے تک لے جانا ایک موٹر سائیکل خریدار کیلئے حیران کن ہے کیونکہ یہ گاڑی متوسط طبقے کے گھرانے کی جانب سے روزمرہ کیلئے استعمال کی جاتی ہے تاہم قیمتوں میں اضافے کے باعث اب یہ گاڑی کاروں کی طرح ان کی پہنچ سے دور ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ انٹربینک میں امریکی ڈالر ستمبر کے مہینے میں ریکارڈ 307 روپے کی سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم حکومتی اقدامات کے باعث اس کی قیمت 288 روپے تک گر چکی ہے، مئی میں امریکی ڈالر285 روپے کی سطح پر تھا۔
امریکی ڈالر کی قیمتوں کا تقابل دیکھیں تو اس کی قیمت میں مئی سے اب تک صرف ایک فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ سوزوکی نے اپنی موٹر سائیکل کی قیمتوں میں 5 فیصد تک اضافہ کردیا ہے۔