آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ نے امریکا کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
انگلینڈ اور امریکا کی ٹیمیں ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں برج ٹاؤن میں مدمقابل تھیں جہاں انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور امریکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔
امریکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18.5 اوورز میں 115 رنز بنائے اور انگلش ٹیم کو جیت کے لئے 116 رنز کا ہدف دیا۔
امریکا کی جانب سے نتیش کمار 30 اور کورے اینڈرسن 29 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے کرس جارڈن نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور رواں ایونٹ کی تیسری ہیٹرک بھی کی۔
جواب میں انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف 9.4 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔
انگلینڈ کی جانب سے کپتان جوز بٹلر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر ناقابل شکست 83 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ فل سالٹ نے 21 گیندوں پر 25 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ رواں ایونٹ میں انگلینڈ پہلی ٹیم ہے جو ٹاپ فور میں رسائی کرچکی ہے۔