مدین واقعہ میں ملوث ملزموں کی گرفتاریوں کیلئے پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ابتک 20 سے زائد افراد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کی تحقیقات کیلئے 9 رکنی جے آئی ٹی بھی بنادی گئی۔
واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف دہشتگردی، قتل اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ جلاؤ گھیراؤ کی ویڈیوز کی مدد سے گرفتاریاں کی گئیں۔ دیگر ملزموں کو قانون کی پکڑ میں لانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
واقعے کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی کمیٹی کی سربراہی ایس ایس انویسٹی گیشن کریں گے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق سی ٹی ڈی اور آئی بی کے نمائندے بھی جے آئی ٹی میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 20 جون کو سوات کے علاقے مدین میں توہین مذہب کے الزام پر مشتعل افراد نے شہری پر تشدد کیا ۔ ہجوم نے تھانے پر بھی حملہ کیا اور شہری کو آگ لگادی۔ جس سے متاثرہ شخص انتقال کرگیا۔ 8 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے۔