لاہورالیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری، چوبیس گھنٹوں کے دوران پانچ سو دو ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔
وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں پانچ سو دو ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ جن میں سے ایک سو پینسٹھ ملزمان کیخلاف مقدمات درج جبکہ پینتیس کو گرفتار کیا گیا۔ لیسکو چیف شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔