پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو لاپتہ کئے گئے اپنے ذمہ داران اور کارکنان کی بازیابی کے لئے خط لکھ دیا۔
پی ٹی آئی کے لاپتہ ذمے داران کی بازیابی کے لیے سیکرٹری جنرل عمرایوب خان نے نگران وزیراعظم اورچیف الیکشن کمشنر کوالگ الگ خطوط لکھے ہیں۔ خط کی نقول چاروں نگران وزرائے اعلیٰ کو بھی بھجوا دی گئی ہیں۔
خط میں پی ٹی آئی کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب، صداقت عباسی، عثمان ڈار، اویس یونس، عرفان سلیم، عبدالکریم خان اورعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کئی روز سے لاپتہ ہیں۔ ان تمام افراد کی گمشدگیاں آئین میں فراہم کردہ بنیادی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ جب تک ان افراد کو رہا اور گمشدگیوں کے ذمہ داران کو کٹہرے میں نہیں لایا جاتا آئندہ عام انتخابات کی شفافیت پرسوالیہ نشان رہے گا۔ خط میں نگران وزیراعظم اور چیف الیکشن کمشنر سے اس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ گمشدہ کیے گئے افراد کے معاملے کو سنجیدگی سے دیکھتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ان کی فوری بازیابی کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔