سکھ مذہب کے پانچویں گورو ارجن دیو جی کی شہیدی دن جوڑ میلہ کی تقریبات گردوارا ڈیرہ صاحب لاہور میں اختتام پذیر ہوگئی۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اقلیتی امور و سردار رمیش سنگھ روڑا نے کہا کہ حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق پاکستان میں سکھوں کو تمام تر مراعات سہولیات دی جا رہی ہیں جب کہ گورو دواروں کی بحالی اور سکھ ورسہ کو محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت، سکھ مذہب کا تحفظ یقینی بنا رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ آپ مریم نواز شریف کو ہر تہوار پر دیکھتے ہیں کہ خود پہنچتی ہیں تاہم پاکستان پہلا ملک بن چکا ہے جدھر سکھ میرج ایکٹ لاگو ہے اور یہ سکھ برادری کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔
بھارتی جتھ لیڈر نے کہا کہ یہ دھرتی مذہبی لحاظ سے بھی ہما رے لیے بہت مقدس ہے اور پاکستان آ کر جو دلی سکون ملا ہے وہ لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ ہماری دعا ہے سلسلہ مزید آگے بڑھے اور نفرتوں کی جگہ امن کو فروغ ملے۔
دعائیہ تقریب میں سکھ کمیونٹی کے لیے اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں سروپا پہنا کر عزت افزائی کی گئی اور انتظامیہ کی جانب سے صوبائی وزیر کو بھی سروپا پہنایا گیا۔ تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر ، ڈپٹی سیکرٹری اویس عبداللہ ،گدی نشین میاں میر سائیں علی رضا ، سردار بشن سنگھ ، سردار ممپال سنگھ ، سردار ستونت سنگھ ،ستونت کو ر سمیت ودیگر نے شرکت کی۔
بھارتی سکھ یا ترین کے لیے گردوارہ صاحب میں رہائش کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے تھے گرمی سے گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے موبائل ایئر کنڈیشن یونٹ لگائے گئے تھے جبکہ ڈاکٹر تنویر مشتاق کی زیر نگرانی میڈیکل کیمپ نے 24 گھنٹے یاتریوں کی طبی امداد کے لیے سہولت فراہم کیں۔ بھارتی سکھ یاتری دورہ مکمل کرنے کے بعد کل 17 جون کوبھارت روانہ ہوجائیں گے۔