سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آن لائن ایپلی کیشن اور جعلی خواتین کی آئی ڈی کےذریعے شہریوں سے گاڑیاں ، موبائل ، لیپ ٹاپ چھیننے اور بینک ڈکیتیوں میں ملوث گروہ ’آصف برگر ‘ کو گرفتار کرلیا گیا۔
کراچی پولیس کے مطابق آن لائن ایپلی کیشن کے ذریعے مختلف وارداتوں میں ملوث گروہ کو سرجانی کے علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے جبکہ گرفتار ملزمان پر مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔
گرفتار کئے جانے والے ملزمان میں گروہ کا سرغنہ آصف برگر ، رمیز عرف راحیل، عمر، دانیال، سرفراز اور علی رضا شامل ہیں جبکہ گروہ کا ایک رکن واجد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی گرفتاری کے لئے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ گروہ کا سرغنہ آصف برگر خاتون کی جعلی آئی ڈی بناکر موبائل اور لیپ ٹاپ خریدنے کے بہانے بلاتا تھا اور خریداری کے لئے آنے والے شہری کو لوٹ لیا جاتا تھا۔
آصف برگر گینگ کے ارکان کو اسلحہ، موٹرسائیکل اور رہائش سمیت تمام سہولیات دیتا تھا اور ملزمان ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ویسٹ میں وارداتیں کرتے تھے۔
ملزمان بینک سے رقم نکلوانے والے درجنوں شہریوں کو بھی لوٹ چکے ہیں، گروہ کا رکن راحیل عرف رمیز بینک کے اندر ریکی کر کے اپنے دیگر ساتھیوں کو اطلاع دیتا تھا۔
ملزمان اسکولوں اور کوچنگ سینٹر کے باہر والدین سے بھی لوٹ مار کرتے تھے جبکہ ملزمان نے سرجانی سیکٹر 7 اے میں شہری کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر گولی بھی ماری۔
آصف برگر گروہ نے تیموریہ کی حدود سے گاڑی اور حیدری سے موٹر سائیکل بھی چھینی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کے خلاف تفتیش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔