سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کے معاملے پر اپوزیشن اور قائد ایوان میں اختلافات شدت اختیار کرگئے ۔
سینیٹ میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر علی ظفر کا قائدایوان اسحاق ڈارسے رابطہ ہوا جس کے دوران اپوزیشن اور حکومت میں سینیٹ قائمہ کمیٹیوں کے بارے میں مشاورت کی گئی۔
علی ظفر سے ٹیلی فون پر رابطے میں اسحاق ڈار نے پی ٹی آئی کو مرضی کی کمیٹیاں دینے سے انکار کردیا جس کے بعد علی ظفر کا کہنا ہے اب مزید مذاکرات بھی نہیں ہوں گے ۔
تحریک انصاف کے وفد کی قائد ایوان سے آج طے شدہ ملاقات بھی نہ ہوسکی جس کے بعد حکومت اور اپوزیشن میں مذاکراتی عمل بظاہر ڈیڈ لاک کا شکار ہوگیا۔
اس حوالے سے بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے کمیٹیاں آپس میں بانٹ لی ہیں، تحریک انصاف کو احتساب والی کمیٹیاں نہیں دی گئیں جس پر ہمیں افسوس ہوا۔
علی ظفر کا کہنا تھا کہ اب ہم مذاکرت نہیں کریں گے ، وہ اپنی مرضی کریں ہم اپنی کریں گے۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے قانون وانصاف، خارجہ، خزانہ، ہیومن رائٹس اور داخلہ کمیٹیاں مانگی تھیں۔