آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 18ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے یوگنڈا کو 39 رنز پر ڈھیر کر کے 134 رنز کے بڑے مارجن سے کامیابی سمیٹ لی۔
گیانا میں کھیلے گئے گروپ سی کے میچ میں ویسٹ انڈین کپتان روومان پاؤل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔ جانسن چارلس 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ یوگنڈا کی جانب سے مسابا نے 2، رام جانی، کوسماس اور نکرانی نے ایک ایک وکٹ لی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیے گئے 174 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یوگنڈا کی پوری ٹیم 12 اوور میں 39 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 11 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ الرازی جوزف نے دو شکار کیے، ایک ایک وکٹ روماریو شیفرڈ اور گداکیش موتی کے حصے میں آئی۔
یوگنڈا کے 10 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے، جما میاگی 13 رنز بنا کر نمایاں رہے اور یہی واحد کھلاڑی بھی تھے جو ڈبل فیگر میں داخل ہو سکے۔