پاکستان اور چین کی جانب سے بنیادی مفادات سے متعلق ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی ہم منصب لی کیانگ کی دعوت پر سرکاری دورہ کیا جس کے دوران انکی چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں ہوئیں جبکہ چیئرمین قائمہ کمیٹی نیشنل پیپلز کانگریس ژاؤ لیجی سے بھی ملاقات کی۔
ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات ،علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری مزید مستحکم کرنے پر اتفاق ہوا جبکہ باہمی دلچسپی کے عالمی و علاقائی امور پر بھی اتفاق رائے پایا گیا۔
پاکستان اور چین نے ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کی ، 73 سالہ سفارتی تعلقات کے درمیان دونوں ممالک ہر امتحان پر پورا اترے، پاکستان چین تعلقات چٹان کی طرح مضبوط اور پہاڑ کی طرح غیر متزلزل رہے، پاکستان کے ساتھ تعلقات چین کی خارجہ پالیسی میں اوٌلین ترجیح ہیں، پاک چین تعلقات خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد ہیں۔
ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ
چینی حکام نے پاکستان کو کامیاب عام انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد دی اور پاکستان کی نئی حکومت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا جبکہ پاکستانی وفد نے جدید دور میں چین کی اہم کامیابیوں کی تعریف کی۔
پاکستانی وفد کا کہنا تھا کہ کمیونسٹ پارٹی کی قیادت میں چین دوسرے صد سالہ ہدف حاصل کرے گا۔
فریقین نے بنیادی مفادات سے متعلق ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا جبکہ پاکستان نے ایک چین کے اصول پر اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور تائیوان کو عوامی جمہوریہ چین کا اٹوٹ حصہ قرار دیا۔
پاکستان کی جانب سے سنکیانگ، ژیزانگ، ہانگ کانگ اور بحیرہ جنوبی چین سے متعلق بھی چین کی بھرپور حمایت کی گئی۔
دہشتگردی کے خلاف جنگ
چینی وفد کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی حمایت کی گئی جبکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ اور عالمی و علاقائی امن کیلئے بھی پاکستان کے کردار کو سراہا۔
داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے چینی قافلے پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق پاک چین دوستی ور تعاون کمزور کرنے کی کوئی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔
چینی قیادت نے پاکستان کی جانب سے حملے کی تحقیقات کو سراہا جبکہ پاکستان ذمہ داروں کا سراغ لگانے کی تمام ممکنہ کوششیں جاری رکھے گا اور حملہ آوروں کو سخت سزا بھی یقینی بنائی جائے گی۔
پاکستان نے چینی شہریوں کے تحفظ کیلئے سیکیورٹی فورسز کی تعیناتی بڑھانے کا عزم بھی کیا۔
فریقین نے زیرو ٹالرنس کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور انسداد دہشت گردی اور سلامتی کیلئے تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
فریقین نے عالمی برادری سے انسداد دہشت گردی کیلئے تعاون مزید مضبوط بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے دوہرے معیار کی سخت مخالفت کی۔
سی پیک
اعلامیہ کے مطابق سی پیک کے نویں جے سی سی اجلاس میں ہونے والے اتفاق رائے پر جلد عملدرآمد یقنینی بنانے کا عزم اور پاکستان کیلئےاہم منصوبے ایم ایل ون میں تیز رفتار مرحلہ وار پیشرفت کیلئے مالی انتظامات پر کام شروع کرنے پر اتفاق ہوا۔
قراقرم ہائی وے رائے کوٹ تھا کوٹ منصوبے سے متعلق اہم فریم ورک معاہدے پر دستخط کئے گئے۔
پاک چین تجارتی و عوامی روابط کیلئے خنجراب سوست پاس سارا سال کھلا رکھنے کیلئے انفرااسٹرکچر اپ گریڈیشن پر بھی اتفاق ہوا۔
گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی جلد تکمیل اور گوادر بندرگاہ کو شپ یارڈ سمیت جلد مکمل آپریشنل بنانےعزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ سی پیک کے تحت صنعتی تعاون کے ایکشن پلان مریم ورک معاہدے پر دستخط کئے گئے۔
سرمایہ کاری
پاکستان کی جانب سے چینی سرمایہ کاری کی آسانی اور سہولت کیلئے پالیسی فریم ورک مزید بہتر بنانے کا عزم کیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ سی پیک کےصنعتی ،زرعی،آئی ٹی ،سائنس،ٹیکنالوجی ،معدنیات کے شعبوں میں مزید شراکت داروں کے خیرمقدم کریںگے۔
فریقین نے پاکستان کی کان کنی صنعت میں سرمایہ کاری کیلئے چینی کمپنیوں کو راغب کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جبکہ چینی کمپنیاں پاکستان میں تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش میں بھرپور حصہ لینے کیلئے تیار ہیں۔
مشترکہ اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ پاک ، چین زرعی تعاون کے حوالے سے دونوں دوست ممالک کا مستقبل روشن ہے۔