استنبول میں ڈی ایٹ وزرائےخارجہ کے غیر معمولی اجلاس میں وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ غزہ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، عالمی برادری اسرائیلی مظالم بند کرانے میں کردار ادا کرے۔
ترکیہ کے شہر استنبول میں ہونے والے ڈی ایٹ وزرائے خارجہ کے غیر معمولی کونسل اجلاس کی تقریب میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں نہتےعوام کو بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، غزہ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، عالمی برادری اسرائیلی مظالم بند کرانے میں کردار ادا کرے، ہمیں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کھڑا ہونا ہوگا۔
وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ غزہ میں جو ہو رہا ہے وہ غیر معمولی سانحہ ہے، غزہ میں جو ہو رہا ہے اس کا کوئی تصور نہیں کر سکتا، اسرائیلی افواج کے ہاتھوں 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، اسرائیلی مظالم سے81 ہزار فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں، دنیا متحد ہو کر اسرائیلی مظالم کا مقابلہ کرے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ڈی ایٹ وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈارکی ترکیہ کے ہم منصب ہیکان فدان سے ملاقات ہوئی، غزہ میں اسرائیلی جارحیت رکوانے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرخارجہ نے غزہ کی صورتحال پر کونسل کا اجلاس بلانے پر ترکیہ کی قیادت کو سراہا اور دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کیلئے دوریاستی حل کی مربوط عالمی کوششوں پر زور دیا، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مثالی دوطرفہ تعلقات پر اظہار اطمینان کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا، ترک وزیرخارجہ نے پاکستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔