امریکہ میں ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے11 واں میچ کھیلنے کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے پروٹول کی تصاویر منظر عام پر آگئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی بس کیساتھ صرف دو پولیس اہلکار ہیوی موٹرسائیکل پرسوار ہیں اس کے علاوہ سیکیورٹی کا کوئی پروٹول موجود نہیں ہے، جبکہ پاکستان میں کرکٹ ٹیموں کے تحفظ کیلئے فل پروٹول اور سخت سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جاتے ہیں۔
امریکہ کی میزبانی میں ہونے والا پہلا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بغیر سیکیورٹی اور پروٹول کے ہو ٹل سے کرکٹ اسٹیڈیم میں لایا گیا، جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 9 جون کو ہونے والےآئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں اضافی سیکیورٹی کی تعیناتی کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو پہلے جس ہوٹل میں قیام کرنا تھا وہ اسٹیڈیم سے 90 منٹ کی ڈرائیو پرتھا تبدیل شدہ ہوٹل اسٹیڈیم سے پانچ منٹ کی ڈرائیو پر ہے،پاکستا ن کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی مداخلت پرنیویارک میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہوٹل کی تبدیلی کی یقین دہانی کرادی گئی،محسن نقوی نے ایونٹ کے منتظمین کو پاکستان ٹیم کا ہوٹل تبدیل کرنے پر قائل کرلیا۔
انڈین کرکٹ ٹیم کو نیویارک میں گراؤنڈ سےصرف 10 منٹ کی دوری پر ٹھہرایا گیا ہے جبکہ دیگر ٹیموں کے ہوٹل ایک گھنٹے سے زیادہ کی دوری پر ہیں،جنوبی افریقہ اور سری لنکا پہلےہی نیویارک میں قیام کے دوران فراہم کی جانے والی سہولیات پر تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔