حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنی 24 جماعتی اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے ساتھ مل کر لوک سبھا کی 291 نشستیں جیت لی ہیں جس کے بعد نریندرمودی کی جانب سے 8 جون کو تیسری مرتبہ وزیراعظم کا حلف لیئے جانے کا امکان ہے، مودی کو حکومت بنانے کیلئے لوک سبھا کی 543 نشستوں میں سے 272 کی ضرورت ہے اور اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کیلئے ان کے پاس موجودہ سیٹس آ گئی ہیں ۔
الائنس
تفصیلات کے مطابق کانگرس نے لوک سبھا انتخابات میں بھارتی حکمران جماعت کو کاٹنے کا مقابلہ دیا اور گزشتہ الیکشن کی نسبت 2024 میں بڑی ترقی کی ہے ،کانگریس نے ’ انڈیا الائنس‘ کے زیر سایہ دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر الیکشن لڑا اور 234 نشستوں پر کامیابی سمیٹی ،جس میں مودی کی جماعت کو سب سے بڑا جھٹکا اتر پردیش میں ملا جہاں انڈیا الائنس میں اتحادی جماعت سماج وادی پارٹی نے بھاری اکثریت حاصل کی ۔
2019 کے گزشتہ الیکشن میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے اکیلے 303 نشستیں جیتیں تھیں جبکہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ یہ نمبر 350 سے تجاوز کر گیا تھا لیکن اس مرتبہ بھارتی حکمران جماعت 240 سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے اور تقریبا 63 نشستیں ہار گئی ہے ، اسی طرح انڈین نیشل کانگرس نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 99 سیٹیں جیت لی ہیں جبکہ گزشتہ الیکشن کی نسبت 47 سیٹیں اضافی حاصل کی ہیں ۔
سماج وادی پارٹی
بھارتیہ جنتا پارٹی کیلئے سب سے بڑا چیلنج سماج وادی پارٹی رہی جس نے اتر پردیش میں بھارتی حکمران جماعت کو پچھاڑ کر رکھ دیا اور ان سے ان کا سب سے بڑا صوبہ چھین لیا ، سماج وادی پارٹی نے 37 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ گزشتہ الیکشن کی نسبت انہوں نے 32 سیٹیں زائد جیتی ہیں ۔
آل انڈیا ترینامول کانگرس بھی پیچھے نہیں رہی اور 29 سیٹیں پر قبضہ جمانے میں کامیاب رہی ، اس جماعت نے گزشتہ الیکشن کی نسبت 7 سیٹیں زائد جیتی ہیں ۔ اروند کیجری وال کی جماعت عام آدمی پارٹی لوک سبھاکے الیکشنز میں صرف 3 نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے ۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے بعد سب سے بڑا نقصان ’ یووجنا سریکا ریتھو کانگریس پارٹی ‘ کو اٹھانا پڑا جس نے لوک سبھا کی 18 نشستیں کھو دیں اور صرف 4 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ۔
2024 کے الیکشنز میں راشٹریا جنتا دل نے اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 سیٹیوں پر کامیابی سمیٹ لی ہے ۔
نریندر مودی بھارتی تاریخ میں تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے والی دوسری شخصیت ہیں، ان سے قبل جواہر لال نہرو تین مرتبہ بھارت کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔
نوٹ:لوک سبھا کی 543 نشستوں میں سے حکومت بنانے کیلئے 50 فیصد یعنی 272 سیٹیں جیتنا ضروری ہیں جبکہ بھارتی جنتا پارٹی سادہ اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئی ہے ۔