پاکستان ہاکی ٹیم جاپان سے شکست کے بعد ایشین گیمز کے سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی، قومی ٹیم اس سے قبل بھارت کے ہاتھوں 2-10 سے میچ ہار گئی تھی۔
چین کے شہر ہانگ زو میں جاری 19ویں ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم جاپان سے سنسنی خیز مقابلے میں شکست کے بعد سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔
جاپان نے پاکستان کو دو کے مقابلہ میں 3 گول سے شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، پاکستان کی جانب سے ارشد لیاقت نے کھیل کے 5ویں منٹ میں فلیڈ گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی تاہم اگلے ہی منٹ میں جاپان کے کائیٹو ٹاناکا نے پنالٹی کارنر کے ذریعہ گول کرکے برتری کا خاتمہ کیا۔
جاپان کی جانب سے کھیل کے 17ویں منٹ میں دوسرا اور 28ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر تیسرا گول کیا گیا، پاکستان نے حریف پوسٹ پر اپنے حملے جاری رکھے اور دوسرا گول ارباز احمد نے پنالٹی کارنر کے ذریعے کیا۔
پاکستان نے 3 پنالٹی کارنرز پر ایک گول اسکور کیا جبکہ جاپان نے 3 پنالٹی کارنر پر دو گول اسکور کئے۔
پاکستان ٹیم ایونٹ میں بھارت سے 2-10 اور جاپان سے 2-3 میچز ہر کر ایونٹ کے سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی، قومی ٹیم نے گروپ کے 3 میچز میں کامیابی حاصل کی۔