بھارتی انتخابات میں اسپورٹس اور بالی وڈ فلم انڈسٹری کے کئی ستارے بھی کامیاب ہوئے ہیں۔
بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں اب تک مودی کے اتحادیوں کو برتری تو حاصل ہے تاہم اسکے 400 نشستیں لینے کا دعویٰ ہوا میں اُڑ گیا۔
ترینمول کانگریس کے امیدوار سابق کرکٹر یوسف پٹھان نے مغربی بنگال کے حلقہ بہارم پور سے بڑی کامیابی حاصل کرلی۔ انہوں نے اپنے مقابلے میں کانگریس کے امیدوار ادھیر رنجن چوہدری کو بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
یوسف پٹھان نے کانگریس امیدوار کے 3 لاکھ 59 ہزار 367 کے مقابلے میں 4 لاکھ 23 ہزار 451 ووٹ حاصل کیے۔ اسی نشست پر بی جے پی کے امیدوار ڈاکٹر نرمل کمار ساہا تیسرے نمبر پر رہے جنہوں نے 3 لاکھ 23 ہزار 685 ووٹ حاصل کیے۔
دوسری جانب اداکارہ ہیما مالنی اور کنگنا رناوت بی جے پی کے ٹکٹ پر جیت گئیں ۔ مغربی بنگال سے شتروگن سنہا انڈیا الائنس کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے ۔ دلی میں اداکار منوج تیواری کو جے این یو کے سابق اسٹوڈنٹ لیڈر کنہیا کمار پر برتری حاصل ہے ۔ امیٹھی میں بی جے پی کی پوسٹر گرل اداکارہ سمرتی ایرانی شکست سے دو چار ہوگئیں۔
واضح رہے کہ انتخابات میں مجموعی طور پر بھارتی عوام نے مودی کا خواب پاش پاش کر دیا ۔ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کا دھڑن تختہ ہوگیا ۔ 400 جیتنے کا نعرہ لگانے والے 291 پر ڈھیر ہوگئے ۔ ایودھیا کی سیٹ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ہاتھ سے نکل گئی ۔ 233 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ کانگریس کی کاری ضرب نے گجرات کے قصاب نریندر مودی کے ہاتھ پاؤں پھلا دیے۔