ملک میں بے لگام مہنگائی نے غریب طبقے کو بے حال کردیا ہے، ہوشربا مہنگائی میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق ستمبر میں مہنگائی کی شرح حکومتی تخمینے سے زیادہ 31.4 فیصد تک پہنچ گئی، وزارت خزانہ نے ستمبرمیں مہنگائی 24 فیصد سے 31 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا تھا، شہری علاقوں میں29.7 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں مہنگائی 33.9 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ پیاز 39.32 اور دال مسور 19.80 فیصد مہنگی ہوئی، سبزیاں 11.77 فیصد، چینی 10.28، دال ماش 9.46 فیصد مہنگی، ستمبر میں ٹرانسپورٹ 4.29 فیصد اور موٹر فیول 11.30 فیصد مہنگا ہوا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ مہینے کے دوران مصالحے، گڑ، دال مونگ، پھل، دال چنا، دودھ بھی مہنگا ہوا جبکہ ستمبر میں ٹماٹر، چکن، کوکنگ آئل اور آلو سستے ہوئے، گندم، آٹا، گھی، چائے اور درسی کتب بھی سستی ہوئیں۔