بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کے قتل کا ایک اور منصوبہ ناکام ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کے گینگ نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو پنویل، مہاراشٹر میں ان کے فارم ہاؤس کے قریب ان کی گاڑی پر فائرنگ کر کے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گینگ کے 4 شوٹرز کو گرفتار کرلیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ پولیس کی جانب سے گرفتار کئے گئے ملزمان نے سلمان خان کے فارم ہاؤس کے ساتھ ساتھ ان کے باندرہ والے گھر کی بھی ریکی کی ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ دو ماہ قبل سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کا واقعہ سامنے آیا تھا جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے واقعہ میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔
ملزمان کے مطابق انہوں نے گینگسٹر لارنس بشنوئی کے کہنے پر سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کی تھی۔