ڈنمارک میں رجسٹرڈ بھارتی مال برادر جہاز ’ میریان ڈینیکا ‘ 27 ٹن مہلک گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد لے کر چنئی سے اسرائیل کے شہر اشدود کی جانب گامزن ہے ، جہاز نے حوثی باغیوں سے بچنے کیلئے بحیرہ احمر کا مختصر راستہ لینے کی بجائے ایک طویل راستہ اختیار کیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق چار سے چھ دن پہلے جہاز کی تازہ ترین لوکیشن بحیرہ روم میں اشدود بندرگاہ/اسرائیل کے قریب تھی، جو غزہ کی پٹی کے بالکل ساتھ ہے۔ جہاز میں مہلک گولہ بارود کے علاوہ دھماکہ خیز مواد موجود ہے جسے رفح میں بمباری کیلئے استعمال کیا جائے گا جہاں لاکھوں فلسطینی کھلے آسمان تلے کیمپس میں پناہ لیئے ہوئے ہیں ۔
گولہ بارود لے جانے والے بھارتی جہاز نے پہلے ’ پورٹ گرانڈے ‘ میں قیام کیا اور اگلا قیام سپین میں ہونا تھا لیکن سپین نے جہاز کو اپنی پورٹ پر لنگر انداز کروانے سے صاف انکار کر دیا اور موقف اختیار کیا کہ وہ بے گناہ شہریوں کے قتل عام میں شریک نہیں بن سکتا ، جس کے باعث بھارتیوں کو شرمندگی کے ساتھ آگے بڑھنا پڑا۔
جہاز حیفہ کیلئے روانہ ہوئے جسے بعدازاں اسرائیل کے شہر اشدود کی جانب موڑ دیا گیا جو کہ رفح کے بہت قریب ہے ، جہاں معصوم فلسطینیوں نے کیمپوں میں پنا ہ لی ہوئی ہے ، بھارت نے اسرائیل سے تین بلین ڈالر کے ہتھیار درآمد کیئے جسے پاکستان اور چین کے خلاف استعمال کیا گیا اور اب بھارت اسرائیل کو فلسطین کے خلاف مسلح کر رہاہے جس نے بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ بے نقاب کر دیاہے ۔