سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس میں خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ کے فل کورٹ بینچ پر اعتراض کی خبروں کی تردید سامنے آگئی۔
ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل نے میڈیا پرچلنے والی خبروں کی تردید کردی، کہا۔ میڈیا پرچلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، چیف جسٹس کو بینچ سے علیحدہ ہونے کی کوئی استدعا نہیں کی ہے۔
شاہ فیصل اتمانخیل نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل آفس میں ایسا کوئی اجلاس نہیں ہوا، ہمارے لئے تمام ججز قابل احترام ہیں، عدالتوں پر مکمل اعتماد ہے عدالت آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی۔
ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ 3 جون کو سپریم کورٹ میں جو کیس لگا ہوا ہے اس کے لئے تیاری جاری ہے، وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے ہم اپنا کیس لڑیں گے، پروپیگنڈےکا مقصد غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یہ خبریں زیرگردش تھیں کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے بینچ پر اعتراض کا امکان ہے، معاملے پر گزشتہ روز مشاورت ہوئی تاہم ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی منظوری سے فیصلہ کریں گے۔