پاکستان کے دور دراز علاقوں میں تیز ترین انٹرنیٹ کی فراہمی کا خواب پورا ہونے کے لیے جدید مواصلاتی سیٹلائٹ "پاک سیٹ ایم ایم ون" آج خلا میں بھیجا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان چین کے تعاون سے ملٹی مشن کمیونیکیشن سیٹلائٹ ‘پاک سیٹ ایم ایم ون’ لانچ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، جو کامیابی کے بعد مواصلاتی نظام میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
سپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک سیٹ چین کے شیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلاء میں بھیجا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ جدید کمیونی کیشن سیٹلائٹ ایم ایم ون کی ٹیسٹنگ مکمل ہوچکی ہے ، سیٹلائٹ جدید کمیونیکیشن سروسز فراہم کرے گا اور دوردرازعلاقوں میں ہائی اسپیڈ کنیکٹوٹی اوربراڈبینڈ سروس میں معاونت کرے گا۔
سپارکو کا مزید کہنا تھا کہ سیٹلائٹ خراب ترین موسمی حالات میں بھی مستحکم کنیکٹوٹی فراہم کرے گا، اس سیٹلائٹ کی لائف 15 سال ہو گی۔
ترجمان کے مطابق ملٹی مشن کمیونیکیشن سیٹلائٹ سپارکو اور چینی ایرو اسپیس انڈسٹری کی مشترکہ کاوش ہے، اور اسے ملک کی مواصلات اور رابطے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار 3 مئی کو پاکستانی سائنس دانوں کی جانب سے تیار کردہ سیٹلائٹ ’آئی کیوب قمر‘ چین کی جانب سے بھیجے گئے چاند مشن ’چینگ ای 6‘ کے ساتھ کامیابی سے چاند کے مدار میں بھیجا گیا تھا۔