قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں بھارت کو پاکستان کے خلاف جیت کے لئے فیورٹ قرار دے دیا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ٹی 20 ورلڈ کپ میں 9 جون کو نیویارک کے نئے تعمیر شدہ ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔
اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر شائقین کے ساتھ سوال و جواب کے سیشن میں کامران اکمل سے ایک مداح نے کہا کہ وہ پاک، بھارت ٹاکرے کے فاتح کی پیشین گوئی کریں جس پر سابق وکٹ کیپر نے جواب دیا کہ ’’ یقینی طور پر بھارت ‘‘۔
واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سات مرتبہ آمنے سامنے ہو چکے ہیں جس میں بھارت نے پانچ جبکہ پاکستان نے صرف ایک میچ جیتا ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 یکم جون کو امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والا ہے اور ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ امریکہ اور کینیڈا کے درمیان ڈیلاس میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اپنا پہلا میچ 6 جون کو میزبان ملک امریکہ کے خلاف ٹیکساس میں کھیلے گا جبکہ ہندوستان ٹورنامنٹ کا اپنا پہلا میچ 5 جون کو نیویارک میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔