قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے نجی ہاؤسنگ سوساسٹی بحریہ ٹاؤن کے خلاف بے ضابطگیوں پر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے بحریہ ٹاؤن راولپنڈی کے کارپوریٹ آفس پر چھاپہ مارا گیا ہے اور نیب ٹیم ایک گھنٹے سے زائد وقت بحریہ ٹاؤن وہاں موجود رہی۔
نیب کی ٹیم نے بحریہ ٹاؤن کے دفتر سے اہم ریکارڈ قبضہ میں لے لیا جس میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مختلف منصوبوں کی فائلیں اور دیگر ریکارڈ شامل ہیں۔
چھاپے کے دوران نیب ٹیم نے کمپیوٹرز سے ڈیجٹیل شواہد اور ڈیٹا بھی حاصل کیا۔
پنجاب پولیس اور ایلیٹ فورس کے جوان بھی نیب ٹیم کے ہمراہ تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ قومی احتساب بیورو کی جانب سے بحریہ انکلیو کی زمین پر بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور بحریہ ٹاؤن کی تمام زمینوں کے حصول میں بے ضابطگیوں کو بھی دیکھا جائے گا۔
کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( سی ڈی اے ) نے بحریہ انکلیو کی زمین چڑیا گھر کے لیے مختص کی تھی۔
یاد رہے کہ نیب القادر ٹرسٹ کیس میں پہلے اپنی تحقیقات مکمل کر چکا ہے اور ریفرنس میں ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک ملک ریاض اشتہاری قرار پا چکے ہیں۔